کراچی:منگھوپیرمیں لاوارث کھڑی کار سے 2 بچوں کی لاشیں برآمد
فائل فوٹوکراچی کے علاقے منگھوپیرمیں لاوارث کھڑی کار سے 2بچوں کی لاشیں ملی ہیں، لاشوں کو کار کے شیشے توڑ کر نکالا گیا، لاشیں 3روز پرانی ہیں ۔
منگھوپیر میں نیا ناظم آباد کے قریب بس اسٹاپ پر لاوارث کھڑی کار کے اندر سے 2کمسن بچوں کی کئی روز پرانی لاشیں ملی ہیں جن کی موت دم گھٹنے سے بتائی جارہی ہے۔
پولیس کے مطابق مطابق نیا ناظم آباد کے قریب عمر کالونی کے ایف 11 بس اسٹاپ پر کھڑی ایک لاوارث کار سے تعفن اٹھنے پر اہل محلہ نے پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس کے مطابق کار لاک تھی جس کے شیشے توڑ کر گیٹ کھولا گیا تو دو کم عمر بچوں کی لاشیں کار میں پڑی تھیں، ایک لاش کار کی عقبی سیٹ پر اوندھی پڑی تھی جبکہ دوسری فرنٹ کی 2سیٹوں کے درمیان موجود تھی۔
پولیس کا کہنا ہے لاشوں پر بظاہر تشدد کے کوئی نشان نہیں، شبہ ہے کہ دونوں بچوں کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ہو، بچوں کی شناخت دانش زبیر اور عبید سعید کے نام سے ہوئی ہے، موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی سامنے آ سکے گی۔
پولیس کے مطابق دونوں بچے 10 مئی سے لاپتا تھے اور بچوں کے والدین نے اس حوالے سے رپورٹ بھی درج کرائی تھی۔
والدین کا کہنا ہے کہ وقوعہ کےروز پولیس کی مدد سے پورےعلاقے میں بچوں کوتلاش بھی کیا گیا ۔
پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی ہیں ۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔